لاس اینجلس میں زلزلہ، ڈیلٹا ایئرلائنز کے طیارے کی لینڈنگ منسوخ، سنسنی خیز ویڈیو وائرل

زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہوتے ہی ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر پائلٹ کو لینڈنگ روکنے کی ہدایت جاری کی

November 29, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں آنے والے 5.0 شدت کے زلزلے کے دوران لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ (LAX) پر ڈیلٹا ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ لینڈنگ منسوخ کر کے دوبارہ فضا میں بلند ہو گیا، جس کے سنسنی خیز مناظر کیمرے میں محفوظ ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر مین ہٹن بیچ کے قریب 5.0 شدت کا زلزلہ آیا۔ عین اسی لمحے کنساس سٹی سے آنے والی ڈیلٹا ایئرلائنز کی پرواز 1972 ایئرپورٹ کے رن وے پر اترنے کے بالکل قریب تھی۔
زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہوتے ہی ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر پائلٹ کو لینڈنگ روکنے کی ہدایت جاری کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ میں کنٹرول ٹاور کے اہلکار کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ڈیلٹا 1972، واپس اوپر چلے جائیں، یہاں ایک بڑا زلزلہ آ رہا ہے ۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو رن وے سے دوبارہ تیزی کے ساتھ فضا میں بلند کر لیا، جس سے طیارہ کنٹرول ٹاور کے قریب سے گزرتا ہوا اوپر کی جانب جاتا دکھائی دیا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق زلزلے کے باعث رن وے کے معائنے کے لیے لینڈنگ روکی گئی تھی تاکہ کسی بھی ممکنہ دراڑ یا نقصان کا جائزہ لیا جا سکے۔ بعد ازاں حفاظتی معائنہ مکمل ہونے پر طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکوں سے ایئرپورٹ ٹرمینل کے کچھ شیشے ٹوٹ گئے اور چھت کے پینلز گر گئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔