بنگلہ دیش: بی این پی اور عوامی لیگ کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں، 2 افراد ہلاک
ہلاک ہونے والے دونوں افراد عوامی لیگ سے وابستہ تھے ، پولیس
فوٹو اسکرین شاٹ
ڈھاکا: بنگلہ دیش کے ضلع شریعت پور میں پدما پل کے قریب عوامی لیگ اور بی این پی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد عوامی لیگ سے وابستہ تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح ناڈوبا علاقے میں سڑک بند کرنے کے دوران دونوں گروپ آمنے سامنے آ گئے، جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
عوامی لیگ نے 29 اور 30 نومبر کے لیے دو روزہ ’لاک ڈاؤن‘ پروگرام کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے حق میں جنوبی اضلاع میں احتجاج جاری تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق جھڑپوں کے دوران بی این پی کے سٹیج اور پنڈال، 25 سے زیادہ موٹر سائیکلوں اور ایک ریستوران کو آگ لگا دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے باعث پدما پل پر تقریباً ڈھائی گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی، تاہم بعد میں آمدورفت بحال کر دی گئی۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ صورتحال اب معمول پر ہے اور پولیس کی جانب سے فائرنگ نہیں کی گئی۔