کراچی: لائنز ایریا میں دو گروپوں میں تصادم، فائرنگ سے ایک شخص زخمی، شیلنگ
صورتحال شدید کشیدہ ،ریلی کے شرکا جب واپس لوٹ رہے تھے تو ان کا مقامی رہائشیوں سے کسی بات پر جھگڑا ہو گیا،وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس
فائل فوٹو
کراچی: شہرِ قائد کے علاقے لائنز ایریا میں ریلی سے واپسی پر شرکاء اور علاقہ مکینوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور علاقے کی صورتحال شدید کشیدہ ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلی کے شرکا جب واپس لوٹ رہے تھے تو ان کا مقامی رہائشیوں سے کسی بات پر تنازع ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے تصادم میں بدل گیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی۔ کشیدگی کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے لائنز ایریا میں فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایس ایس پی ایسٹ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔