کراچی: فوارہ چوک پر قومی پرچم اتار کر قوم پرست جماعت کا پرچم لہرا دیا گیا

رات کے وقت مقامی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد فوارہ چوک پر جمع ہوئی، جنہوں نے قوم پرست جماعت کا جھنڈا اتار کر وہاں دوبارہ سبز ہلالی پرچم نصب کر دیا

November 29, 2026 · اہم خبریں, قومی, ویڈیوز
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

کراچی: شہر کے معروف مقام فوارہ چوک پر مبینہ طور پر پاکستان کا قومی پرچم اتار کر ایک قوم پرست جماعت کا پرچم لہرانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

فوارہ چوک (پریس کلب چوک) پر ایک قوم پرست جماعت کی جانب سے اتارا گیا قومی پرچم رات کے وقت مقامی نوجوانوں نے دوبارہ لہرا دیا، جس کے بعد فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے قریب واقع فوارہ چوک پر ایک قوم پرست جماعت نے اپنی ریلی کے دوران وہاں نصب پاکستان کا قومی پرچم اتار کر اپنی پارٹی کا جھنڈا لہرا دیا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔

عینی شاہدین اور ذرائع کے مطابق رات کے وقت مقامی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد فوارہ چوک پر جمع ہوئی، جنہوں نے قوم پرست جماعت کا جھنڈا اتار کر وہاں دوبارہ سبز ہلالی پرچم نصب کر دیا۔ قومی پرچم دوبارہ لہرانے کے بعد نوجوانوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ “پاکستان زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے۔

واقعے کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین نوجوانوں کے اس اقدام کو سراہ رہے ہیں۔ تاحال اس معاملے پر متعلقہ حکام یا انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔