امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے پر نئے معاہدے کے لیے تیار ہیں۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے اور ایران کو دوبارہ جوہری تجربوں کی جانب نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو یورینیئم کی افزودگی روکنی ہو گی اور تمام جوہری سائٹس تک مکمل رسائی دینی ہوگی۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے مزید میزائل تجربات قبول نہیں اور اس کے لیے ہم تہران پر مالی دباؤ بڑھائیں گے۔مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے کے دوران مشرق وسطیٰ میں اثر و رسوخ بڑھایا اور ایران خطے میں پراکسی وار کا سبب بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران دہشت گردی کی حمایت کرنے میں پہلے نمبر پر ہے لیکن ہم خطے میں ایرانی سرگرمیوں کو ختم کریں گے۔مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران سے تجارت کرنے والی یورپی کمپنیوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے لیکن ایرانی پالیسی تبدیل ہونے پر امریکا سفارتی، معاشی تعلقات بحال کر سکتا ہے۔