عراقی سبکدوش اسپیکر کا دوبارہ پارلیمانی انتخابات کروانے کا مطالبہ

بغداد:عراقی پارلیمان کے سبکدوش اسپیکر سلیم الجبوری نے ملک میں دوبارہ پارلیمان انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے یہ مطالبہ دارالحکومت بغداد میں بیلٹ باکسز کے ایک گودام میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد کیا ۔اس گودام میں رکھے گئے بیلٹ باکسز میں موجود ووٹ پرچیوں کو دوبارہ گنتی ہونا تھی مگر وہ اس سے پہلے ہی نذر آتش کردیے گئے ہیں۔سلیم الجبوری نے ایک بیان میں کہا کہ الرصافہ میں ایک گودام میں پڑے بیلٹ باکسز کو جلا یا جانا ایک جرم ہے، یہ کارروائی جان بوجھ کر کی گئی ہے۔اس جرم کا باقاعدہ طے شدہ منصوبے سے ارتکاب کیا گیا ہے۔اس کا مقصد عام انتخابات میں فراڈ اور ووٹوں میں ہیر پھیر کی وار دات کو چھپانا تھا تاکہ عراقی عوام کو دھوکا دیا جاسکے اور ان کے انتخاب اور منشا کو تبدیل کیا جاسکے۔