کوٹ لکھپت جیل سےبے نظیر بھٹو قتل کیس کا ملزم پراسرار طور پر لاپتہ

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میںبے نظیر بھٹو قتل کیس کے ملزم رفاقت حسین کے والد نےدرخواست دائر کی ہے کہ ان کا بیٹا کوٹ لکھپت جیل سے لاپتہ ہوگیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت نےمیرے بیٹے کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بری کردیا تھا لیکن وہ اب تک جیل میں نظر بند تھا، جیل انتظامیہ نے ہمیں بلایا اور کہا کہ ہم نے ملزم کو رہا کردیا ہے تاہم ہمیں بتایا نہیں جارہا کہ ہمارا بیٹا کہاں ہے۔
دوسری جانب جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے ملزم رفاقت حسین کو رہا کر دیا تھا اور سی ٹی ڈی کے اہلکار اسے دوبارہ گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے رفاقت حسین کے والد صابر حسین کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی ہے اور آر پی او سی ٹی ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزم رفاقت حسین کو انسداد دہشت گردی عدالت نے اگست 2017 میں بری کردیا تھا تاہم وہ اب تک نظر بند تھا۔