نیب کی پنجاب پولیس کیخلاف کارروائی، ایس ایچ او گرفتار

لاہور: نیب نے پنجاب پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔ نیب کی جانب سے پنجاب پولیس کے ایک ایس ایچ او نوید اعظم کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا جسے احتساب عدالت نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
نیب کے مطابق تھانہ برکی کے ایس ایچ او نوید اعظم نے غیر قانونی طور پر شہری ندیم احمد کو حبس بیجا میں رکھا اور رہائی کے لئے 30 لاکھ روپے بطور رشوت وصول کئے۔
دوسری جانب ندیم احمد پر بھی عوام سے دھوکہ دہی کے ذریعے کروڑوں روپے وصول کرنے کا الزام ہے جس کے خلاف نیب لاہور تحقیقات کر رہا ہے۔
نیب کے مطابق سابق ایس ایچ او کی گرفتاری ملزم ندیم احمد کے انکشافات کے بعد عمل میں لائی گئی۔
نیب حکام نے ملزم ایس ایچ او نوید اعظم کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا۔ احتساب عدالت نے ملزم نوید اعظم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نوید اعظم کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ملزم نے اپنی اہلیہ کے نام پر متعدد غیر قانونی جائیدادیں بھی بنائیں ہیں۔