شیخو پورہ: مسلم لیگ (ن) کے شیخوپورہ سے ضلعی نائب صدر رانا جمشید کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے خلاف کریک ڈاون کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلا دیا گیا ہے اور مختلف شہروں سے ن لیگی کارکنان کو گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور کے مختلف حصوں میں ن لیگی کارکنان کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پنجاب کے ضلع گجرات کے میئر حاجی ناصر محمود کو گرفتار کرنے کے بعد تھانہ کنجاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری کو بھیجے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریاں غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔