کوئٹہ: صدرمسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہاکہ سانحہ مستونگ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں،ہم شہدا اور زخمیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اس وقت شفاف الیکشن کاانعقادسب سے بڑی ضرورت ہے اور اگر شفاف الیکشن نہ ہوئے توملک کانقصان ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ساراوان ہاؤس پہنچ گئے جہاں انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے شہید رہنماسراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کی اورمرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ عمران خان کوباتیں کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکناچاہیے اور پنجاب کی نگران حکومت پی ٹی آئی کی حمایت نہ کرے۔
علاوہ ازیں سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کے لئے کوئٹہ روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل آزاد اور منصفانہ انتخابات سے مشروط ہے لیکن انتخابات سے 10 روز قبل انتخابی امیدواروں پر حملے لمحہ فکریہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت امیدواروں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔واضح رہے کہ سانحہ مستونگ کے سوگ میں مسلم لیگ (ن) نے آج اپنی انتخابی مہم معطل کرنے اعلان کیا ہے۔