قابض بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران کشمیری نوجوان شہید کردیا

سری نگر: قابض بھارتی فوج نے ملٹری آپریشن کے دوران کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا کے مطابق وادی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے صفاوالی گلی میں بھارتی فوج کے دستے 57 ور 41 راشٹریہ رائفلز نے رات گئے ملٹری آپریشن شروع کیا تھا۔ اس دوران بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والے نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا گیا۔
دریں اثنا بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں گھر گھر آپریشن کے دوران تین کشمیری شہدا صدام پڈار، ناصر احمد اور عرفان الحق کے بھائیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ شہدا کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بیٹوں کو شہید کرنے کے بعد اب گھر کے دیگر مردوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔ یہ کشمیریوں کی نسل کشی ہے۔