امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے تمام آپشنز استعمال کریں گے، ایران
تہران کا محاصرے کے خلاف سخت مؤقف، آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا سے شرائط پوری کرنے کا مطالبہ
منجمد اثاثوں کی واپسی اور حملوں میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی معاہدے میں شامل ہے، اسماعیل بقائی
ایران نے امریکی بحری ناکہ بندی کے خلاف تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس غیرقانونی محاصرے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کی بحری ناکہ بندی فوجی جارحیت کے مترادف ہے اور ایران کو اپنے دفاع کے لیے ہر دستیاب ذریعہ استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران امریکی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا اور اس محاصرے کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا متعلقہ شرائط پوری کرتا ہے تو ایران آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق اپنے وعدوں پر مختصر ترین وقت میں عمل کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے 13 اپریل کو ایران کی تیل کی برآمدات روکنے کے لیے بحری ناکہ بندی نافذ کی تھی، تاہم دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی مفاہمت کے بعد جون میں اسے ختم کردیا گیا تھا۔ معاہدہ ناکام ہونے کے بعد 14 جولائی کو دوبارہ بحری ناکہ بندی عائد کردی گئی۔
ماہرین کے مطابق اس ناکہ بندی کے باعث حالیہ مہینوں میں ایران کی خام تیل کی برآمدات تقریباً صفر تک پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے امریکا کو جنگی کارروائیاں روکنے، بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور پابندیاں اٹھانے سمیت تہران کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔