12 سال بعد پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، محسن نقوی
پی ایس ایل 2027 میں پشاور چھٹے وینیو کے طور پر شامل، جنوری میں تین ٹیموں کا ٹی 20 مقابلہ بھی ہوگا
12 سال بعد پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، محسن نقوی
پشاور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2027 کے میچز پشاور میں بھی منعقد ہوں گے، جبکہ 12 سال بعد لیگ کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ بھی پشاور میں کھیلا جائے گا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں تین ٹیموں کے درمیان ٹی 20 مقابلہ بھی پشاور میں کرایا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پشاور کے شائقین طویل عرصے سے اس موقع کا انتظار کر رہے تھے۔ پی ایس ایل کو پشاور لانے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پشاور کے عوام لیگ کا اسی جوش اور گرم جوشی سے خیرمقدم کریں گے جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔ کرکٹ کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ قبائلی اضلاع کے لیے علیحدہ کرکٹ اکیڈمی بھی بنائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جس کا لیگ اور خصوصاً پشاور کے شائقین گزشتہ 12 سال سے انتظار کر رہے تھے۔
سلمان نصیر کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں چھٹے وینیو کے اضافے کو لیگ کی ترقی میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔