ملتان پاکستان کا آلودہ ترین شہر قرار، فضائی آلودگی میں 41 فیصد اضافہ
خوفناک اسموگ کا راج، ملتان میں آلودگی کی سطح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، شہریوں کے لیے الرٹ جاری۔
ملتان پاکستان کا آلودہ ترین شہر قرار، فضائی آلودگی میں 41 فیصد اضافہ
پاکستان کے چار بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح مسلسل خطرناک حد تک بلند رہی ہے جبکہ ملتان میں آلودگی کی شرح گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کی تازہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 16 سے 22 نومبر کے دوران ملتان ملک کا آلودہ ترین شہر رہا، جہاں باریک ذرات پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 204.1 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں ملتان کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 254 رہا، جو انتہائی مضرِ صحت کیٹیگری میں آتا ہے۔ شہر میں 20 نومبر کو آلودگی کی سطح سب سے زیادہ رہی، جب پی ایم 2.5 کی مقدار 263.3 مائیکروگرام اور اے کیو آئی 313 تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب لاہور میں پی ایم 2.5 کی ہفتہ وار اوسط 180 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اوسط اے کیو آئی 230 رہا، تاہم گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں لاہور کی فضائی آلودگی میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں پی ایم 2.5 کی ہفتہ وار اوسط 75 مائیکروگرام فی مکعب میٹر اور اے کیو آئی 160 رہا، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اسلام آباد میں پی ایم 2.5 کی اوسط 64.5 مائیکروگرام اور اے کیو آئی 155 ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق چاروں شہروں میں ساتوں دن پی ایم 2.5 کی سطح عالمی ادارۂ صحت کی تجویز کردہ حد 15 مائیکروگرام اور پاکستان کی مقررہ حد 35 مائیکروگرام فی مکعب میٹر سے زیادہ رہی۔
ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں آلودگی کے مقامی عوامل پر قابو پانے کے اقدامات کے باعث اب صبح اور شام کے اوقات میں چند گھنٹوں کے لیے اے کیو آئی بڑھتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو آلودہ فضا سے محفوظ رکھیں۔