امیدوں کا سرکہ اورتعلقات کی زنگ آلود گراریاں:”مصدق چھا گیا تُو”

تحریر: ڈاکٹر ظفر اقبال

November 23, 2026 · نکتہ نظر

 

نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے موقع پر پاکستانی وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کے اندازِ گفتگو اور سفارتی حکمتِ عملی پر پاکستان اور بھارت دونوں جانب کے مبصرین اور میڈیا حلقوں میں کافی گفتگو ہو رہی ہے۔

ایسے ماحول میں جب کشیدگی کا آسمان برصغیر کا استعارہ بن چکا ہو۔ معاملات کی گراریاں باہم پھنس چکی ہوں بلکہ زنگ آلود ہو کر امیدوں کے کسی سرکے اور ڈبلیو ڈی 40 کی منتظر ہوں۔

سوالوں کی بوچھاڑ کی ہر طرف بہتات ہو۔ تہہ در تہہ الزامات میں حقائق اور الزامات اس طرح پیوست ہو چکے ہوں کہ بات آگے نہ بڑھ رہی ہو۔

نہ گوشت ناخن سے الگ ہونے پر آمادہ ہو۔ نہ بیماریاں چھوڑ رہی ہوں۔ نہ کوئی افکار اور تدبیر کا راج ہو نہ دنیا میں ہیومن ازم کے عالمی کھوکھلے نعروں کے سوا ورلڈ آرڈر ہو۔ ہر جانب دلائل بھی ہوں اور فاؤل کے الزامات بھی۔ دھواں بھی اور دھوکہ بھی۔ انائیں بھی اور حقائق کے ساتھ گڈ مڈ ہوں۔

گیم پھنس چکی ہو، گنجلک الجھاوا ہو۔ میڈیائی ہذیانی عوام کو بھی نفسیاتی بنانے کے علاوہ کوئی لرننگ کی ذمہ داری اٹھانے پر تیار نہ ہوں۔ سیاست مجمع کو رام کرنے اور رام راج و طاقت کے کھیلوں کی گلیوں میں ہو۔

سارے حالات سعادت حسن منٹو کا ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گڑ گڑ دی اینکس اور لالٹین اور مونگ کی دال بن چکے ہوں تو ایسے میں ایک آؤٹ آف باکس انداز اور وہ بھی قیمہ بھرے کریلے کی دعوت کے ماحول میں الزام بھرے سوالات کی بوچھاڑ میں جواب۔

ہر سوال کا جواب۔ نتھرے نتھرے ذہن کے ساتھ۔ امید کا چراغ جلانے کی تمنا کی شدت کا ترجمان۔ گفتگو کے تمام سلیقوں کے دو طرفہ آغاز کی ضرورت کو دو جملوں میں واضح کر دینا ایک معجزاتی جمپ ہے۔

شاید کچھ دوست کہیں کہ سب اسکرپٹڈ ہوتا ہے۔مگر یہ سوالات کا طوفانی حملہ ایک وقتی اسکرپٹ نہیں اک مسلسل راگ ہے۔

مصدق کا ایک ایک جملہ پاکستان کے عوام کی ترجمانی، ذمہ داری، ایک متفقہ خواہش بلکہ دنیا کے ہر خطے کے صلح جو، معقول اور مسائل کو سمجھ کر شفافیت کے ساتھ کسی قاعدے سے حل کرنے کا خواہشمند ہو اس کے دل کی آواز بن گیا۔

پاکستان کی جانب سے جماعت علی شاہ جیسے فن پارے بھی نمائندہ بنائے جاتے رہے۔ لیکن
ایسی چنگاری بھی یارب اپنے خاکستر میں تھی۔

یہ آؤٹ آف باکس حل کی طرف جاتا آؤٹ آف باکس انداز بیان تھا۔ کہتے ہیں کہ غالب کا ہے انداز بیاں اور کا 2026 کا ورژن۔ لاہور سے دہلی کو سندیسہ اسی غالب کے دادا مرزا قوقان بیگ کے سمرقند سے ہندوستان کی پہلی منزل لاہور کا سندیسہ۔ قوقان بیگ کی اگلی منزل دہلی کو اور آگرہ کو۔ دہلی جو تہذیبوں اور بسنے کا شہر بھی اور اجڑنے کا شہر بھی بنا۔

فیصلہ تاریخ میں اہم کرداروں پر کہ وہ اجاڑنے والوں کی صف میں شامل ہونا چاہتے ہیں یا انسانوں کو بسانے، انہیں انسان سمجھنے والوں میں۔

مصدق کے پاس جھنجھلانے اور جھلانے کا آپشن بھی وسیع میدان کے طور پر موجود تھا۔ لیکن حیرت انگیز طور پر انہوں نے مکالمے کے شہ سوار بننے کو ترجیح دی۔ مصدق ملک نے بار بار اس بات پر زور دیا کہ یہ دورہ خالصتاً ایک کثیرالجہتی فورم (ایس سی او) میں شرکت کے لیے ہے۔ بھارتی میڈیا کے سخت یا اشتعال انگیز سوالات پر مشتعل ہونے کے بجائے انہوں نے وقار کے ساتھ یہ واضح کیا کہ اس فورم کا مقصد تہذیبی مکالمہ ہے، جبکہ دوطرفہ مسائل کے حل کے لیے باضابطہ مذاکرات کی میز پر آنا ضروری ہے۔

مصدق کے ہتھیار کارگر تھے۔ ادبی و تہذیبی استعاروں نے آئس بریکنگ کا کتنا کام کیا وہ وقت بتائے گا۔ ان کی گفتگو میں اردو شاعری—خصوصاً مرزا غالب کے حوالوں—اور مشترکہ تہذیبی و تاریخی ورثے کے ذکر کو انڈین صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے “غالب ڈپلومیسی” کا نام دیا گیا۔ بھارتی مصنفہ غزالہ وہاب سمیت کئی تبصرہ نگاروں نے اس بات کو سراہا کہ انہوں نے تناؤ کی فضا کو کم کرنے کے لیے ادب، زبان اور ثقافت کے مشترکہ پہلوؤں کو مؤثر انداز میں استعمال کیا۔

مصدق نے دوطرفہ معاملات پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔ نرم لہجے اور شائستہ الفاظ کے چناؤ کے باوجود، انہوں نے دہشت گردی اور باہمی تنازعات سے متعلق سوالات پر پاکستان کا مؤقف واضح رکھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ الزام تراشی کے بجائے شواہد کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے اور پاکستان خود دہشت گردی سے شدید متاثر رہا ہے۔

مکالمے کی اہمیت پر فلسفیانہ انداز اختیار کرتے ہوئے وہ پوری طرح چھائے رہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا یہ جملہ خاصا زیرِ بحث رہا کہ ڈائیلاگ ہمیشہ دو الگ اکائیوں یا فریقین کے درمیان ہوتا ہے، ورنہ یکطرفہ بات چیت محض خود کلامی یا مونولاگ بن کر رہ جاتی ہے۔

مجموعی طور پر، سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ تین سال سے زائد عرصے اور حالیہ کشیدگی کے بعد کسی پاکستانی وزیر کے اس دورے میں جہاں ایک طرف بھارتی سیاست اور میڈیا میں تند و تیز بحث دیکھی گئی، وہیں مصدق ملک کے نپے تلے الفاظ اور پُراعتماد انداز نے سفارتی آداب کے دائرے میں رہتے ہوئے پاکستان کا بیانیہ پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں اس دورے پر شدید ردعمل کی جڑیں دونوں ملکوں کے درمیان طویل ابلاغی اور سفارتی خلا میں پیوست ہیں۔ مبصرین کے مطابق اس کے چند بنیادی اسباب یہ ہیں:
• براہِ راست رابطوں کا تعطل۔ گزشتہ کئی برس سے اعلیٰ سطحی دوطرفہ دوروں اور براہِ راست مکالمے کا سلسلہ تقریباً منقطع ہے، جس نے دونوں ملکوں کے عوام اور میڈیا کو ایک دوسرے کا نقطۂ نظر براہِ راست سننے کے مواقع سے محروم رکھا۔

• روایتی بیانیے سے ہٹ کر لب و لہجہ۔ دونوں جانب کے ٹی وی چینلز پر عموماً جارحانہ اور جذباتی بحثیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اس کے برعکس بھارتی میڈیا کے سامنے ٹھہرا ہوا، مدلل اور ادبی حوالوں سے آراستہ انداز صارفین کو ایک خوشگوار تبدیلی محسوس ہوا۔

• پُراعتماد انداز پیشکش۔ پاکستانی صارفین کی بڑی تعداد کے نزدیک عالمی و علاقائی فورمز پر ملکی مؤقف کو جارحیت کے بجائے دلیل، شائستگی اور اعتماد کے ساتھ پیش کرنے کی کمی محسوس کی جا رہی تھی۔ مصدق ملک کے انٹرویوز کے کلپس وائرل ہونے کی بڑی وجہ یہی ہے کہ انہوں نے دباؤ میں آئے بغیر یہ کمی پوری کی۔

• سرحد پار ردعمل۔ بھارت میں بھی آراء ملی جلی رہیں۔ میڈیا اور اپوزیشن کے ایک حصے نے حکومت کو دورے کی اجازت پر تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ آزاد مبصرین اور صحافیوں کے ایک طبقے نے تسلیم کیا کہ پاکستانی وزیر نے مشکل سوالات کا سامنا مہارت اور سفارتی آداب کے ساتھ کیا۔

یوں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر یہ غیر معمولی بحث ظاہر کرتی ہے کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود سنجیدہ مکالمے اور مؤثر سفارتی ابلاغ کی گنجائش بھی موجود ہے اور طلب بھی۔

وہ لہجے کی حلاوت
وہ باتوں کی نزاکت
مصدق چھا گیا تو
مرا دل لے گیا تو

کڑے تیور، کڑے سُر
سوالوں کے سمندر
نہ الجھا اور نہ گھبرایا
تہذیبوں کو سکھایا
کہ باتیں کیسے کرتے ہیں
دلوں میں کیسے اُترتے ہیں
مصدق چھا گیا تو
مرا دل لے گیا تو

وہ غالب کے حوالے
وہ لفظوں کے اجالے
پگھلتی برف کی صورت
بنی الفت کی مورت
فقط اک پل میں آ کر
سخن کا جادو چلا کر
مصدق چھا گیا تو
مرا دل لے گیا تو

دلیلوں کا قرینہ
مروت کا نگینہ
وطن کی بات رکھ دی
جو دل میں تھی وہ کہہ دی
بنا شور و شغب کے
سلیقے سے، ادب سے
مصدق چھا گیا تو
مرا دل لے گیا تو

بڑا سادہ سا جادو
فقط الفاظ و خوشبو
مصدق چھا گیا تو
مرا دل لے گیا تو