ایم کیو ایم و پیپلز پارٹی وفود کی ملاقات، ریلی کی کال واپس لینے کی درخواست
ہاتھ ابھی اور گلے بعد میں مل لیں گے ، ناصر حسین شاہ کا فاروق ستار سے مصافحہ اور دلچسپ جملہ
فائل فوٹو
کراچی: پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم سے کراچی میں اعلان کردہ 6 دسمبر کی ریلی کی کال واپس لینے کی درخواست کر دی۔
سندھ اسمبلی کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے وفود کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سے مصافحہ کرتے ہوئے دلچسپ جملہ کہا کہ ہاتھ ابھی اور گلے بعد میں مل لیں گے۔
اس موقع پر علی خورشیدی نے وقار مہدی سے خیریت دریافت کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کیسے ہیں؟ جس پر فاروق ستار نے بھی وقار مہدی سے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بارے میں سوال کیا۔
وقار مہدی نے جواب دیا کہ میں سندھ اسمبلی سے نہیں بلکہ سینیٹ سے تعلق رکھتا ہوں۔
فاروق ستار نے استفسار کیا کہ کیا سندھ اسمبلی کے 100 دن پورے کرا رہے ہیں؟ اس پر ناصر حسین شاہ نے جواب دیا کہ علی بھائی تو 120 دن پورے کرانے میں لگے ہیں ۔