پاکستان آرمی نے پہلی قومی قازاق کریسی ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد میں منعقدہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 14 ٹیموں کے 230 کھلاڑیوں کی شرکت

November 23, 2026 · قومی

پاکستان آرمی نے پہلی قومی قازاق کریسی ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد میں پاکستان قازاق کریسی فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلی قومی مرد و خواتین قازاق کریسی ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی، جس کے سینئرز مقابلوں میں پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 14 ٹیموں کے تقریباً 230 کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کے بھرپور جوہر دکھائے۔ مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے طاقت، مہارت اور پھرتی کا شاندار مظاہرہ کیا، جبکہ مختلف کیٹیگریز میں دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے۔

سینئرز کے مقابلوں میں پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔

اس قومی ایونٹ کا انعقاد پاکستان قازاق کریسی فیڈریشن کے زیر اہتمام کیا گیا، جس کے صدر میجر جنرل عادل رحمانی، سینئر نائب صدر بریگیڈیئر ظفر محمود عباسی اور سیکریٹری جنرل میجر نوید افضل ہیں۔ اس موقع پر پنجاب کے صدر مہر اکرم کالا خان پہلوان، قیصر رشید سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

فیڈریشن کی قیادت پاکستان میں قازاق کریسی کے کھیل کو فروغ دینے اور قومی سطح پر متعارف کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ خصوصاً سیکریٹری جنرل میجر نوید افضل کی کاوشیں قابل ذکر ہیں، جنہوں نے اس کھیل کو منظم انداز میں آگے بڑھانے، کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلی قومی چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

اختتامی تقریب میں میجر جنرل عادل رحمانی، میجر نوید افضل، آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے حکام اور کھیلوں سے وابستہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

پہلی قومی مرد و خواتین قازاق کریسی ریسلنگ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد پاکستان میں اس کھیل کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس ایونٹ نے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا، جبکہ مستقبل میں پاکستان کو اس کھیل کے عالمی میدان میں متعارف کروانے کی جانب بھی اہم پیش رفت کی ہے۔