انکم اور سیلز ٹیکس نظام الگ کرنے کا فیصلہ مسترد،صنعتکاروں کا ون ونڈو سہولت کا مطالبہ
صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالہادی کے مطابق مہنگی توانائی اور زائد ٹیکسوں کی شکار انڈسٹری کو آسان نظام دیا جائے
انکم اور سیلز ٹیکس نظام الگ کرنے کا فیصلہ مسترد،صنعتکاروں کا ون ونڈو سہولت کا مطالبہ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے نظام کو الگ کرنے کے فیصلے پر بزنس کمیونٹی میں شدید تشویش پھیل گئی ہے۔ کاروباری طبقے نے اس مجوزہ اقدام کو اداروں پر بھاری مالی بوجھ اور الجھن کا باعث قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے بزنس کمیونٹی کہیں ٹیکس نیٹ سے دور نہ ہوجائے۔
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے ایف بی آر کے اس فیصلے کو کاروباری برادری کے لیے اضافی بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کے نام پر تاجروں کو متعدد دفاتر کے چکر نہیں لگوانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی بڑھانا حکومت کا حق ہے، تاہم اس کے ساتھ کاروباری سہولت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اس فیصلے کے بعد تاجروں کو ایک ہی نوعیت کے معاملات کے لیے الگ الگ دفاتر سے رجوع کرنا پڑے گا، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوگا بلکہ اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا، اور بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو اس تقسیم کا سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔
صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں انڈسٹری پہلے ہی مہنگی توانائی، زائد ٹیکسوں اور پیچیدہ قوانین کا شکار ہے، ایسے میں مزید انتظامی تقسیم کاروباری سرگرمیوں پر دباؤ بڑھا دے گی۔
عبدالہادی نے زور دیا کہ کسی بھی بڑی تبدیلی سے قبل بزنس کمیونٹی سے مشاورت کی جائے اور حقیقی معنوں میں ون ونڈو سہولت متعارف کرائی جائے جہاں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سمیت تمام امور ایک ہی جگہ حل ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری طبقے کو مزید الجھانے کے بجائے آسان اور شفاف نظام فراہم کیا جائے تاکہ لوگ رضاکارانہ طور پر ٹیکس ادا کرنے کی طرف راغب ہوں اور صنعت ترقی کر سکے۔