اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
جوڈیشل کمپلیکس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے دونوں ریفرنسز کی سماعت کی۔ اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جگہ معاون وکیل سعد ہاشمی پیش ہوئے اور نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے نیب کی جانب سے پیروی کی۔
سماعت آغاز پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں شریف فیملی کی اپیلیں سماعت کے لئے مقرر ہیں، اس موقع پر احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے کیا حکم ہوتا ہے اس کا انتظار کر لیتے ہیں۔
جج نے نواز شریف کے وکیل سے کہا کہ آپ کی دونوں درخواستیں ہائی کورٹ بھیج دی تھیں جس پر وکیل سعد ہاشمی نے کہا ہم نے بھی ریفرنس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کی ہے جس پر جج نے استفسار کیا کہ کیا لگتا ہے آج فیصلہ آ جائے گا؟
اس موقع پر جج محمد بشیر نے کہا کہ میں نے بھی ایک درخواست ہائی کورٹ میں دی ہے لیکن وہ تو انٹرنل سنی جائے گی جبکہ سنا ہے وزارت قانون نے بھی جیل ٹرائل کا کہا ہے جس پر نواز شریف کے وکیل نے کہا ہے کہ ہمیں اس نوٹیفکیشن کا نوٹس نہیں ملا۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ خواجہ حارث کب آئیں گے؟ ان سے طے کریں گے کہ جیل ٹرائل اور دیگر دو ریفرنسز کا کیا کرنا ہے۔ جس کے بعد عدالت نے سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی۔