الیکشن میں کامیابی پر قومی کرکٹرز کی عمران خان کو مبارکباد

اسلام آباد: عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو کامیابی پر قومی کرکٹرز کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر عمران خان اور پی ٹی آئی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی جیت ہے، آخرکار 22 برس کی جدوجہد نے بھرپائی کردی ہے۔ پاکستانیوں کو آپ سے بہت امیدیں ہیں اور میں امید کرتا ہوں کے آپ آگے آکر قیادت کریں گے۔
قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی عمران خان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ آپ نے ایک بار پھر کر دکھایا، کرپشن کے خلاف طویل جدو جہد تھی۔ انہوں نے کہا کہ بن گیا نیا پاکستان انشاءاللہ۔
پاکستان ٹیم کے کرکٹر احمد شہزاد نے بھی عمران خان کی جدو جہد کو سراہا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آخر کار اب ہمارے پاس ایک ایسا رہنما ہے جس پر ہم فخر کرسکتے ہیں دنیا کے آگے، نئے پاکستان کا خواب پورا ہوگیا ہے۔