پی ٹی آئی کاعمران خان کی تقریب حلف برداری میں مودی کو مدعوکرنے پر غور

اسلام آباد:عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی سمیت تمام سارک ممالک کے سربراہان کو مدعو کرنے پر غورکیا جارہاہے۔
بھارتی میڈیا نےدعوی کیا کہ عمران خان وزیراعظم کے عہدہ کا حلف اُٹھانے کی تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور دیگر سارک ممالک کے سربراہان کو مدعو کرنا چاہتے ہیں تاہم اس معاملے پر ابھی پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں بحث جاری ہےاورکور کمیٹی متفق ہونے کے بعد وزارت خارجہ سے بھی مشاورت کرے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے بھی بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ابھر کر سامنے آئی ہے جس پر بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو فون کرکے مبارک دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔