الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں لیکن عدالتوں میں زیرالتوا مقدمات کے باعث 16 حلقوں کے نوٹیفکیشن روکے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک بھر سے قومی اسمبلی کے 5 حلقوں سے نشستیں جیتے تھے لیکن الیکشن کمیشن نے ان کی 2 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے ہیں۔
عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث روکا گیا ہے کیونکہ ان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس الیکشن کمیشن میں زیرسماعت ہے۔
یاد رہے کہ 25 جولائی کو پی ٹی آئی چیئرمین نے ووٹ کی رازداری کا خیال نہیں رکھا تھا اورکیمروں کے سامنے بلے پرنشان لگایا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔
عمران خان این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 95 میانوالی، این اے 131 لاہوراور این اے 243 کراچی سے کامیاب ہوئے ہیں۔
عمران خان کی 2 حلقوں میں کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن میں کیس زیرسماعت ہونے پر روکا گیا جب کہ تین حلقوں میں کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کئے گئے ہیں۔