اعجاز جاکھرانی کی پوتی کے اغوا میں ملوث خاتون ساتھی سمیت گرفتار

کراچی: شہر قائد کے علاقے فرئیر ٹاؤن سے پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعجاز جاکھرانی کی کم سن پورتی کے اغوا میں ملوث خاتون اور اس کے 2 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سابق وزیر اعجاز جاکھرانی کی کم سن پوتی حورین کو 2 روز قبل کراچی میں فریئر تھانے کی حدود میں واقع ان کے گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔ جس کی اطلاع پولیس کو دے دی گئی، تاہم کچھ ہی دیر بعد بچی کے ملنے پر اہل خانہ نے معاملہ ختم کردیا۔
پولیس کے مطابق عمارت میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو سے پولیس نے ملزمان کا پتا لگایا۔ جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا کار خاتون اور اس کے 2 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے حورین کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغوا کیا اور میڈیا پر خبر چلنے کے بعد خوفزدہ ہوکر اسے واپس چھوڑ گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔