گلشن اقبال میں  بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے نجی اسکول سیل کردیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں واقع ایک نجی اسکول کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے غیر قانونی قرار دے کر سیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے بلاک 18 میں واقع ایک نجی اسکول کو ایس بی سی اے کی جانب سے غیر قانونی قرار دے کر سیل کردیا گیا ہے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق اسکول کو سیل کرنے سے قبل ایس بی سی اے کی جانب سے کوئی نوٹس یا وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی۔ نجی اسکول میں 100 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں تاہم بچے جب آج صبح اسکول پہنچے تو انہیں اسکول کا دروازہ بند ملا۔ جس کے بعد طلبا سمیت اسکول اسٹاف کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔
ڈائریکٹر اسکول کی ہدایت پر تحقیقات کے لئے ایک تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں پرائیوٹ اسکولز انسٹی ٹیوشنز کی رجسٹرار رفیعہ ملاح سمیت تین افراد شامل ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز انسٹی ٹیوشنز عبد الرزاق قاضی کے مطابق ایس بی سی اے کے خلاف کارروائی کی درخواست کی جائے گی کیونکہ اسکول کو بغیر نوٹس کے سیل کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے موقف اختیار کیا کہ اسکول رہائشی پلاٹ پر تعمیر ہے جسے کمرشل بنیاد پر استعمال کیا گیا ہے۔ اسکول کوعلاقہ مکینوں کی شکایات پرسیل کیا گیا ہے اور سوسائٹی کی جانب سے بھی اسکول کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھیں۔ رہائشی زمین پرقائم اسکول کی زمین کو کمرشل کروانا پڑتا ہے اور اسکول کمرشل نہیں کروایا گیا تھا۔