عوام نے بھاری مینڈیٹ واضح تبدیلی لانے کے لیے دیا :سردار یار محمد رند

 

کوئٹہ: تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور نو منتخب رکن قومی اسمبلی سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں بھاری مینڈیٹ سے اس لئے جتایا تاکہ ہم ملک میں واضح تبدیلی لاسکیں، ہم نے ابھی تک اقتدار سنبھالا نہیں اس سے پہلے ہی ڈالر کے ریٹ میں واضح کمی آگئی، موجودہ اپوزیشن کا قیام ہمارے لئے موثر ہے تاکہ وہ ہمیں صحیح راستے دکھانے کے لئے کردار ادا کرے، ایک ایم این اے یا ایم پی اے کو پتہ ہوتا ہے کہ اب اس کے علاقے میں ترقیاتی کام کہاں ہونے چاہئیں ؟۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےسردار یار محمد رند نے کہا کہ ہمیں ملک میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اپوزیشن ہمیں سیدھا راستہ دکھانے کے لئے موثر کردار ادا کرسکتی ہے ہماری کوشش ہے کہ ہم انہیں ساتھ لیکر چلیں اور ان کی رائے کا احترام کریں،اس بات میں دورائے نہیں کہ ماضی میں ممبر قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کا اپنے علاقوں میں انتظامی امور اور محکموں میں عمل دخل رہا ہم ایسی تبدیلی لیکر آنا چاہتے ہیں کہ جہاں پر محکمے سیاسی عمل دخل سے مکمل طورپر آزاد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بیوروکریٹ سے زیادہ ایم این اے یا ایم پی اے کو پتہ ہوتا ہے کہ ان کے علاقے میں ترقیاتی کام یا ڈیمز کہاں بننے چاہئیں؟ ہمارے اور بلوچستان عوامی پارٹی کے منشور تقریباً ایک جیسے ہیں، اس میں الفاظ کا فرق ہوسکتا ہے،باقی جو چیزیں ہمارے منشور میں ہے وہ بھی وہی بات کرتے ہیں، آنیوالے وقت میں ہم بلوچستان کے مسائل حل کریں گے ۔