کراچی: شہر قائد میں بھتہ خور دوبارہ سے سرگرم ہونے لگے،لیاری گینگ وار کے کارندوں نے بھتہ طلب کرنے کا نیا طریقہ نکال ڈھونڈ لیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق کراچی میں بھتہ خوروں نےواٹس ایپ کے ذریعےاولڈ سٹی ایریا کے ایک تاجر سے بھتہ طلب کیا ہے اور نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھتہ خوروں نے محتاط رہتے ہوئے غیر ملکی نمبر استعمال کیا ہے جب کہ واٹس ایپ پیغام میں کہا گیا ہےکہ ’بات سن تیرا شجرہ پورا ہمارے پاس ہے، ابھی تک تیرے کو سمجھارہے ہیں، تیرے کو سمجھ نہیں آرہی، اب تیرے کو دوسرے طریقے سے سمجھائیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پیار سے نہیں مانو گے تو گھر میں دری بچھادیں گے، تم چاہ رہے ہو کوئی نقصان ہو۔اطلاعات کے مطابق بھتے کا مطالبہ کرنے والوں کا تعلق لیاری گینگ وار کے فیصل پٹھان گروہ سے ہے اور تاجر نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صورتحال کے حوالے سے مطلع کردیاہے جب کہ آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔