48 سالہ فیصل ماہی رکشہ چلا کراپنے گھرکا خرچہ پورا کرتے ہیں۔
فیصل ماہی نے 2015 تک 12 ناول اور100 سے زائد ڈرامے لکھے تھے جن میں سے ان کے تمام ناول شائع ہوچکے ہیں۔
ان کے 12 ناولوں میں سے11 ناول تین سال پہلے تک تین تین بارشائع ہوچکے تھے۔
فیاض کا پہلا ناول ‘گھنگھرو اورکشکول’ 2005 میں شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے طوائفوں کی زندگیوں کے مختلف پہلوؤں اوران کے ساتھ ناروا معاشرتی برتاؤ کواپنا موضوع بنایا تھا۔
ان کے دیگر ناول میں گیلے پتھر، کاغذ کی کشتی، کانچ کا مسیحا، تاوان عشق ، عین شین قاف ، موم کا کھلونا، ٹھہرے پانی، میرا عشق فرشتوں جیسا، لبیک اے عشق، شیشے کا گھر اور پتھر کے لوگ شامل ہیں۔
فیصل ماہی نے 2015 میں 13 واں ناول لکھنا شروع کیا جو جلد ہی شائع ہوگا۔
فیصل ماہی کے7 بچے ہیں اوروہ کرایے کے مکان میں رہتے ہیں۔ وہ ملازمت نہ ہونے کی وجہ سے رکشہ چلا کراپنا گزربسرکرتے ہیں۔
فیصل ماہی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تحت شائع ہونے والے ایک میگزین میں ملازمت دی گئی ہے۔
ڈائریکٹرجنرل آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ کی کہ پاک فوج نے فیصل ماہی کو میگزین میں بطورلکھاری ملازمت دے دی ہے۔
میجرجنرل آصف غفور نے مزید بتایا کہ فیصل ماہی آئی ایس پی آر کے تحت شائع ہونے والے ماہانہ میگزین میں فیچراورکالم لکھیں گے۔
ساتھ ہی انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے اینکراجمل جامی کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے فیصل ماہی کے بے روزگار ہونے سے متعلق آئی ایس پی آر کو توجہ دلائی تھی۔