لاہور:لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق جوہر ٹاؤن میں گھر سے ملنے والی لاشیں میاں، بیوی اور 2 بچوں کی ہیں۔پولیس کے مطابق میاں بیوی کی شناخت رضوان بٹ اور سمیرا بٹ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
بچوں کی شناخت 8 سالہ ارسل اور 6 سالہ ابوبکر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق گھر کی بالائی منزل پر رہائش پزیر کرائے داروں نے گیس کی بو محسوس ہونے پر نیچے آکر دیکھا تو کمرے میں چاروں کی لاشیں پڑی تھیں۔
پولیس کے مطابق چاروں لاشوں پر بظاہر تشدد یا کسی آلے کے نشانات موجود نہیں ہیں، کمرے میں گیس والی استری سے گیس لیک ہو رہی تھی اور ایئرکنڈیشن بھی چل رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر ابتدائی رپورٹ درج کر لی گئی ہے، اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جوہر ٹاؤن میں گھر سے 4 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔