ریاض: سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جدوجہد جاری رکھے گا۔
شاہ سلمان نے شوریٰ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو افرادی قوت بڑھانے اور ترقی یافتہ نسل تیار کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام بحران کے خاتمے کیلئے سیاسی حل کے خواہاں ہیں،شام سے دہشتگرد جماعتوں اور غیرملکی اثر و رسوخ ختم کیے بغیر پرُامن حل ناممکن ہے۔
شاہ سلمان نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل سعودی عرب کی ترجیحات میں شامل ہے، سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت یمن جنگ کے سیاسی حل کی حمایت کرتے ہیں۔
شاہ سلمان نے مزید کہا کہ ایران نواز ملیشا سے نمٹنے کیلئے یمنی عوام کے ساتھ ہیں، خطے کے ممالک میں ایران کی مداخلت سے دہشتگردی بڑھی، سعودی عرب نے عالمی معیشت کے استحکام کیلئے تیل کی مثبت سیاست اپنائی ہے، تیل کی قیمتوں کے استحکام کیلئے دیگر پیداواری ممالک سے تعاون کررہے ہیں۔