کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ تھری میں ضمنی انتخاب میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار قادر علی نے کامیابی حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔
بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کے ضمنی الیکشن میں تمام 49 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری وغیرحتمی نتیجے کے مطابق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادر علی نے 5272 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے۔
جمعیت علمائے اسلام کے مولانا ولی ترابی 4258 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے آغا رضا 2426 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
ضمنی انتخاب میں پولنگ کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پرپولیس اور ایف سی اہلکار تعینات تھے۔
یاد رہے کہ 2018 کے انتخابات میں اس نشست پر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے احمد کوہزاد کامیاب ہوئے تھے تاہم مخالف امیدوار کی جانب سے شہریت چیلنج کیے جانے پر الیکشن کمیشن نے افغان شہری ہونے پرانہیں نا اہل قرار دیا تھا۔
احمد کوہزار 5 ہزار 117 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل کے ولی محمد نے 3 ہزار 242 ووٹ حاصل کیے تھے۔