نوشہرہ،9 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالا ملزم گرفتار

نوشہرہ: خیبرپختونخوا پولیس نے 9 سالہ بچی مناہل کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا،ملزم نے پولیس کی حراست میں اعتراف جرم کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق 28 دسمبر کو 9 سالہ مناہل کو مدرسے سے چھٹی کے بعد گھر جاتے ہوئے اغوا کیا گیا ،تلاشی کے باوجود بچی کہیں نہ ملی جس پر بچی کے والد نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے بچی کی تلاش شروع کی تو مقامی قبرستان سے بچی کی لاش برآمد ہوئی ۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کیساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی۔
ادھر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) مردان محمد علی گنڈا پور نے آج پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بچی سے زیادتی اور قتل کیس کو حل کرنے کے لیے 4 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جس کے بعد مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کا نام یاسر ہے اور وہ مقتول بچی کے باپ کاقریبی دوست ہے۔
ڈی آئی جی محمد علی گنڈاپور کے مطابق بچی ملزم یاسر کو پہچانتی تھی، اسی وجہ سے اس کے ساتھ گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم مناہل کو کپڑے خریدنے کے بہانے ساتھ لے کر گیا اور اس نے بچی کے جنازے میں بھی شرکت کی تھی۔
ڈی آئی جی کے مطابق بچی مناہل کی سہیلی نے ملزم کا حلیہ بتایا، جس کے بعد موبائل فون ریکارڈ اور مقتولہ بچی کی سہیلی کی مدد سے ملزم تک پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم یاسر کا فون 28 دسمبر سے بند تھا، ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد کیا، جس پر خون کے دھبے موجود تھے۔
ڈی آئی جی کے مطابق ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاجائے گا۔