پولیس فائرنگ سے میاں بیوی کے زخمی ہونے کا مقدمہ تاحال درج نہ ہو سکا

شہر قائد کے علاقے کورنگی میں پولیس فائرنگ سے میاں بیوی کے زخمی ہونے کا مقدمہ 2 روز گزرنے کے باوجود بھی درج نہ کیا جاسکا۔

دو روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی ایف آئی تاحال درج نہ ہوسکی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ زخمی عدنان کی مدعیت میں درج کیا جائے گا، عدنان اور اس کی اہلیہ جناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں زخمی میاں بیوی کے جسم سے گولیاں نہیں نکالی جاسکی ہیں، گولیاں نکالے جانے کے بعد خول کا فرنزاک ہوسکے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایس ایم جی کا بس ایک خول مل سکا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے میاں بیوی زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے کورنگی میں فائرنگ سے میاں بیوی کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کی تھی۔