دونوں کےسرکی قیمت 2 کروڑ روپے مقررتھی۔فائل فوٹو
دونوں کےسرکی قیمت 2 کروڑ روپے مقررتھی۔فائل فوٹو

داعش کے امیر عبداللہ بروہی اور نائب امیر حفیظ پندرانی مقابلےمیں ہلاک

 سندھ  میں دہشتگردی کی سنگین وارداتوں میں انتہائی مطلوب دو دہشتگرد حساس ادارے اور شکارپور پولیس کی کارروائی میں مارے گئے۔

حکام کے مطابق حساس ادارے اور شکارپور پولیس نے مصدقہ اطلاع پر بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے ڈھاڈر میں کارروائی کی جس میں انتہائی مطلوب دو دہشتگرد مقابلے میں مارے گئے۔

مقابلے میں مارے گئے دہشتگردوں کی شناخت کالعدم داعش پاکستان سندھ کے امیرعبداللہ بروہی اور داعش پاکستان سندھ کے نائب امیر حفیظ پندرانی کے نام سے ہوئی، مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیم کا خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

حکام نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے سرکی قیمت 2 کروڑ روپے تھی، دہشتگردوں کے قبضے سے 4دستی بم، 2 کلاشنکوف اور 2 ٹی ٹی پسٹول برآمد ہوئے۔

مقابلے میں مارے جانے والے دہشتگرد شکارپور کی کربلا مولا امام بارگاہ دھماکے، ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی پر ناکام خودکش دھماکے، حاجن شاہ ماڑی بم دھماکے، تین سال قبل عید قربان پر خانپور میں نماز عید کے اجتماع پر ناکام خودکش حملوں اور سہون میں قلندر لعل شهباز درگاہ پر بم دھماکے میں ملوث تھے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ عبداللہ بروہی داعش کے امیر سے ملاقات بھی کر چکا تھا،آئی جی سندھ نے شکارپور پولیس کے لیے 20 لاکھ روپے کا انعام کا اعلان کیا بھی ہے۔