پاک بھارت کشیدگی کسی کے حق میں نہیں ۔وزیرخارجہ لکسمبرگ

لکسمبرگ کے وزیرخارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کسی کے حق میں نہیں۔ ہم کشیدگی کے خاتمے کے خواہشمند ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لکسمبرگ کے وزیر خارجہ جین ایزلبورن نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پرتشویش ہے اور ہم وزیراعظم عمران خان کے کشیدگی کےخاتمے کےلیے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کسی کے حق میں نہیں، کشیدگی کم کرنے کے لیے یورپی یونین کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیرخارجہ جین ایزلبورن نے کہا کہ لکسمبرگ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالث بننے کو تیار ہے۔

دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے لیکن بھارت دو طرفہ مذاکرات سے ہچکچاتا ہے۔