پی کےایل آئی اسپتال قائم کرناہماری بڑی ترجیح تھی،شہبازشریف

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف  نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اسپتال میں جگر ٹرانسپلانٹ کے پہلے کامیاب آپریشن پر  ڈاکٹر سعید اختر، ڈاکٹر فیصل دار، سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور دیگر متعلقہ محکمہ صحت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اپنے دور میں پی کے ایل آئی اسپتال قائم کرنا بڑی ترجیح تھی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کو دیگر ممالک علاج کے لیے جانا پڑتا تھا اور بھاری وسائل درکار ہوتے تھے لیکن اب پاکستانی اپنے ملک میں علاج کراسکتے ہیں اور پیسوں کی کمی بھی ان کے راستے کی رکاوٹ نہیں ہوگی،انہوں نے کہاکہ غریب لوگوں کے لیے یہ منصوبہ 100 فیصد مفت ہے جو علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔