پی ٹی آئی کراچی میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف عدالت پہنچ گئی

کراچی: تحریک انصاف نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں  درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے بلدیاتی الیکشن کے التوا کے خلاف درخواست دائرکردی ، پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان اور راجہ اظہر نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی۔چیف الیکشن کمیشن ، صوبائی الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ کراچی میں زیادہ بارش نہیں ہورہی، الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کر دیے، انتخابات سندھ حکومت اوراتحادی جماعتوں کی خواہش پر ملتوی کیے گئے۔

درخواست میں کہنا تھا کہ انتخابات ملتوی کرکے عوام کو نمائندے منتخب کرنے سے روکا گیا، دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات فوری کرانے کا حکم دیا جائے۔