گھروں کی تعمیر کیلیے 450 بلین روپے درکار ہوں گے ۔مراد علی شاہ

کراچی:  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں سیلاب کے باعث 15 لاکھ گھرگرگئے جن کی تعمیر کیلیے 450 بلین روپے درکار ہوں گے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کچے کا علاقے ڈوبنے سے ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے ہیں، سندھ کے 24 اضلاع، 102 تعلقہ اور 5 ہزار 727 دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، سیلاب کے باعث 405 اموات ہو ئیں اوربڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ، سندھ میں 31لاکھ 72 ہزار 726 ایکڑوں پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، سندھ میں سیلاب سے 15 لاکھ گھر گرگئے ،تعمیر کے لیے 450 بلین روپے درکار ہیں،  فصلوں کے نقصان کا تخمینہ 3 لاکھ 35 ہزار 441 ملین روپے لگایا گیا  ہے، تباہ ہونے والی فصلوں میں کپاس، گنا، چاول، پیاز، کھجور، ٹماٹر اوردیگر فصلیں شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں بارشوں کے باعث دو ہزار 281 کلو میٹرکی 570 سڑکیں تباہ ہوئیں جن کے  نقصانات کا تخمینہ 860 بلین روپے بنتا ہے،  سندھ حکومت کو اموات اور زخمیوں کا معاوضہ دینا ہے، گرے ہوئے گھر اور مرنے والے مویشیوں کا بھی معاوضہ دینا ہوگا،  زرعی مشینری، کھاد، کیڑے مار ادویات اور بیج پر سبسڈی دینا ہوگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈونرز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سبسڈی دینے سے زراعت کی بحالی میں مدد ملے گی،سندھ کو ایک ملین خیمے، 3 ملین مچھردانیاں، 2 ملین راشن بیگ، ایک ملین جیری کین کی ضرورت ہے، سندھ کو ایک ملین کچن سیٹ، 5 لاکھ چھتریاں اور5 لاکھ اونی میٹرسزکی ضرورت ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال، پی ڈی ایم اے نے بھی ڈونر ایجنسیوں کے سربراہوں اور ڈپلومیٹس کو بھی بریف کیا۔