راولپنڈی میں ڈاکو بینک کیش وین لوٹ کر فرار

 راولپنڈی: ڈاکو دِن دیہاڑے بینک کے لیے کیش سپلائی کرنے والی  وین لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی میں ڈاکوؤں نے مریڑ چوک کے قریب ڈکیتی کی دلیرانہ واردات میں بینک کو کیش سپلائی کرنے والی وین لوٹ لی اور وین عملے سے نقدی بھرے 2 بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔

ڈاکوؤں نے واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر 2 سکیورٹی گارڈز کو زخمی بھی کر دیا۔ پولیس کے مطابق ایک گارڈ گولی اور دوسرا لوہے کا راڈ سر میں لگنے سے زخمی ہوا، جنہیں طبی امداد کے لے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔کیش وین بینک آف پنجاب میں نقدی سپلائی کرنے کے لیے آئی تھی۔