اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر صدف کے اہلخانہ کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت نے مالی امداد کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مرحومہ خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کے لیے 50 لاکھ کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ضابطےکی کارروائی فوری مکمل کر کے چیک اہل خانہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے صدف نعیم کے اہلخانہ کے لیے 25 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ محکمہ ڈی جی پی آر کی طرف سے بھی صدف نعیم کے اہلخانہ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
پنجاب حکومت مرحومہ کے بچوں کی کفالت اور تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنیٹنر کے نیچے آکر خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پنجاب حکومت اور تحریک انصاف دکھ کی گھڑی میں صدف نعیم کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔صدف نعیم آج شام لاہور میں عمران خان کے لانگ مارچ کے دوران کنٹینر سے گر کر جاں بحق ہوگئی تھیں، جس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنا آج کا مارچ بھی منسوخ کردیا تھا۔