لاہور(اُمت نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کی نااہل قیادت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے یہ فوج کی بیساکھیوں سے اقتدار میں آتے ہیں جب مطلب پورا ہوجائے تو اسے گالیاں دیتے ہیں۔
مینار پاکستان گراؤنڈ میں جماعت اسلامی یوتھ کے زیراہتمام منعقدہ پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈرشپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پنجاب کو مسلم لیگ ن اور کے پی کے کو پی ٹی آئی نے تباہ کیا اگر اسٹیبلشمنٹ ان جماعتوں کا ساتھ نہ دے تو یہ ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے.
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہاں امیر کیلئے رات بارہ بجے بھی عدالت کھلتی ہے جبکہ غریب کو دن بارہ بجے بھی انصاف نہیں ملتا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ عمران نیازی کا رونا جائز ہے اسے اسٹیبلشمنٹ نے ڈی چوک سے اٹھا کر وزیراعظم بنایا تھا، ان کے بنائے لنگر خانے آج ویران ہیں، ہم قرآن کے نظام اور نظام مصطفیٰ جیسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے پاس شفاف قیادت موجود ہے، سیلاب زدگان کی مدد میں ہم نے کوئی کسر نہیں چھوڑی اگر عوام نے ہمیں منتخب کیا تو نہ کشمیر پالیسی سے یو ٹرن لیں گے اور نہ عافیہ صدیقی کی رہائی سے پیچھے ہٹیں گئے۔