اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج چین کے دورے پر روانہ ہونگے ، وزیر اعظم کو اس دورے کی دعوت عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی کیچیانگ نے دی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں سال اپریل میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا چین کا پہلا دورہ ہوگا ۔ وزیر اعظم نے 16 ستمبر 2022 کو ازبکستان میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔
چین کی کیمونسٹ پارٹی کی تاریخی 20 ویں نیشنل کانگریس کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم چین کا دورہ کرنے والے اولین رہنمائوں میں شامل ہیں۔بیان کے مطابق وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان قیادت کی سطح کے دوروں کے تسلسل کا اظہار ہے ۔
وزیر اعظم دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیر اعظم لی کیچیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دورے کے دوران فریقین باہمی سٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کا جائزہ لیں گے اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دورے میں مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں جبکہ وسیع پیمانے پر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے 27 اکتوبر کو ہونے والے11ویں اجلاس کے تناظر میں سی پیک منصوبے پر تعاون کی رفتار کو مستحکم کئے جانے کی بھی توقع ہے۔
دوسری جانب ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے وزیراعظم کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک، پاک چین تعاون کا سنگِ میل بن گیا ہے ۔ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ملکی اور غیر ملکی حالات چاہے کچھ بھی ہوں، پاک چین دوستی نسل درنسل چلی آرہی ہے۔