کراچی : ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ عبدالسلام شیخ نے ڈائریکٹر سندھ زون2 (جس کے وہی ڈائریکٹر ہیں) نے خود کو ہی مراسلہ تحریر کیا ہے کہ مذکورہ زون کا دفتر ایف آئی اے کمپلیکس گلستان جوہر میں قائم دوسری منزل پر شفٹ کرنے کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ کمپلیکس کی دوسری منزل پر کوئی کمرہ خالی ہی نہیں ہے۔ مذکورہ عمارت کے گراؤنڈ، پہلی اور دوسری منزل پر سائبر کرائم کے افسران کے زیر استعمال کمرے ہیں۔ تیسری منزل پر تمام کمرے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کے آفسران کے زیر استعمال ہیں۔ چوتھی منزل پر کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے افسران کے دفاتر ہیں۔ اسی منزل پر خالی گیلری میں سابقہ جے آئی ٹی کے دفاتر کا سامان جمع کرکے رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کافی عرصے سے سندھ زون ٹو کا دفتر زونل آفس میں ہی قائم ہے جہاں سندھ زون ون اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ کے دفاتر ہیں اور اس وقت تینوں چارج عبدالسلام شیخ کے پاس ہی ہیں۔