وجیہہ سواتی قتل کیس: مقتولہ کے سابق شوہر کو سزائے موت

راولپنڈی: راولپنڈی کی عدالت نے پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کے قتل کے مرکزی ملزم سابق شوہر رضوان حبیب کو سزائے موت سنا دی۔

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے وجیہہ سواتی قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے فیصلہ سنایا، فیصلے کے وقت تمام ملزمان عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے مرکزی مجرم رضوان حبیب کو سزائے موت، 10 سال قید اور جرمانے کی سزا بھی سنائی، مقتولہ کے سابق سسر ملزم حریت اللہ اور ملازم سلطان کو لاش کی بے حرمتی پر7 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، دیگر ملزمان رشید اور زاہدہ کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کردیا گیا۔

وجیہہ سواتی قتل کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے وقت امریکی سفارت خانہ کے 4 سینئر اہلکاراور ایف بی آئی ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی، امریکی ایف بی آئی افسر نے فیصلے کو بہترین قرار دیا۔

ملزم رضوان حبیب نے اپنی سابقہ بیوی وجیہہ سواتی کو اربوں روپے مالیت کی جائیداد کا جھگڑا طے کرنے کے بہانے پاکستان بلا کر قتل کر دیا تھا۔