کراچی:معروف عالم دین اور مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ مفتی رفیع عثمانی مرحوم کی نماز جنازہ ان کے بھائی مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی، نماز جنازہ میں سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی جامعہ دارالعلوم کراچی کے صدر تھے، وہ کافی عرصے سے علیل تھے، مفتی محمد رفیع عثمانی دارالمدارس العربیہ کے سرپرست اعلیٰ تھے جو کہ دو روز قبل 86 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔
نماز جنازہ کے دوران درالعلوم کراچی کے صدر دروازے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، بم ڈسپوزل اسکواڈ حکام کی جانب سے جامعہ درالعلوم کراچی کی چیکنگ بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ 18 نومبر کی رات مفتی اعظم پاکستان محمد رفیع عثمانی 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ رفیع عثمانی مفتی اعظم اور مشہور درسگاہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے رئیس الجامعہ ہونے کے علاوہ 30 سے زائد کتابوں کے مصنف، مفسرقرآن، فقیہ تھے۔
مولانا رفیع عثمانی 21 جولائی 1936 کو بھارت کے علاقے دیوبند میں پیدا ہوئے، اُن کا نام عالم دین مولانا اشرف علی تھانوی نے رکھا۔ آپ کے والد مولانا شفیع دارالعلوم دیوبند کے مفتی اعظم تھے۔