سندھ حکومت کاتعلیمی بورڈز میں بائیو میٹرک حاضری کا حکم

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈزکو بائیومیٹرک سسٹم تنصیب کرنے کیلئے ایک ماہ کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تعلیمی بورڈز اپنے افسران و ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم تنصیب کروائیں۔ وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے تمام چیئرمین بورڈز کو خط میں ہدایات دیں کہ ایک ماہ میں بائیو میٹرک سسٹم تنصیب کرکے رپورٹ ارسال کی جائے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ افسران اور ملازمین کا دفاتر دیر سے آنے سے طلبہ کو سرٹیفکیٹ یا مارک شیٹ نکلوانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ کچھ افسران و ملازمین دفترنہیں آرہے اور تنخواہیں و مراعات بھی وصول کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران و ملازمین مجاز حکام کی اجازت کے بغیر ہیڈ کوارٹر نہ چھوڑیں،خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تمام چیئرمین تعلیمی بورڈز صبح نو بجے سے شام 5 بجے تک دفاتر میں موجود رہیں، دفتری اوقات کار کویقینی بنایا جائے اوروزیٹرز کے مسائل کومو ثر طریقے سے حل کیا جائے۔