کوئٹہ:: کوئٹہ میں پولیس ٹرک کے قریب دھماکے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکا بلیلی کسٹم کے علاقے میں پولیس ٹرک کے قریب ہوا، دھماکے سے ٹرک سمیت دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، دھماکے میں متعدد پولیس اہل کار زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں 20 اہلکار اور 4 شہری شامل ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جب کہ علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے، بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے دھماکے کے مقام کی سرچنگ کا عمل جاری ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جا رہے تھے، اس دوران رکشہ نے ٹرک کو ہٹ کیا، دھماکے میں 20 سے 25 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔