بھارت اور اسرائیل سےعمران خان کو فنڈنگ ہوئی: عبدالغفور حیدری

کوئٹہ (اُمت نیوز)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی۔
کوئٹہ میں سیکریٹری جنرل جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر عمران خان کو مسلط کرنے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی سے متعلق ہماری ہر بات سچ ثابت ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے دور میں کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، انہیں اقتدار میں لانے میں بھارت اور امریکی کمپنیوں کا بھی کردار تھا، جنہوں نے فنڈنگ کی۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بڑی طاقتوں نے مل کر عمران خان کو مسلط کیا تھا، جنہوں نے ملک کی معیشت تباہ کر دی، سی پیک کا بیڑا غرق کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم سے مسلسل جھوٹ بولتے رہے، انہوں نے ساڑھے 3 سال اپوزیشن کو گالیاں دے کر گزارے۔
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پہلے ملک کی معیشت بہتر کریں، اسمبلیاں آئینی مدت پوری کریں اور اس کے بعد انتخابات ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں جے یو آئی کا مؤثر کردار ہو گا، جے یو آئی کے کارکنوں کے لیے بہت بڑی خوش خبری ہے۔
مولاناعبدالغفورحیدری نے یہ بھی کہا کہ کل مولانا فضل الرحمٰن کوئٹہ کے دورے پر آ رہے ہیں، اس موقع پر بلوچستان کے معززترین افراد جمعیت میں شامل ہونے جا رہے ہیں، نواب اسلم رئیسانی بھی جے یو آئی میں شمولیت اختیار کریں گے۔