بلدیہ ٹاون،اسٹریٹ کرمنل کمسن بچی کو ماں سے چھین کر فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ ٹاون میں اسٹریٹ کرمنل کمسن بچی کو ماں کی گود سے چھین کر فرار ہوگئے ، پولیس کا دعوی ہے کہ ملزمان نے لوٹ مار کی غرض سے خاتون سے تھیلا چھینا جس میں بچی تھی ،پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے شہر میں ناکہ بندی کرکے بچی کی تالش شروع کردی ،
تفصیلات کے مطابق مدینہ کالونی کے علاقے بلدیہ روبی موڑ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان ماں کی گود سے اسکی گیارہ دن کی بچی چھین لی اور فرار ہوگئے خاتون نے چیخ و پکار اور شور شرابہ شروع کردیا میری بیٹی کو بچائو ، لیکن کسی نے مدد نہیں کی تاہم پولیس اس اطلاع پر موقع پر پہنچ گئی جبکہ بچی کا والد شاہد بھی موقع پر آگیا تاہم پولیس نے ابتدائی بیان کے بعد بچی کی تلاش کا عمل شروع کیا اور جائے وقوع کے قریب نصب سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی۔
اس اطلاع پر پولیس کے اعلی افسران نے نوٹس لیتے ہوئے شہر میں ناکہ بندی کا حکم جاری کرتے ہوئے بچی کی تلاش کو عمل کو تیز کردیا ، اس حوالے سے ایس ایچ اوامداد علی نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ منگل کی دوپہر بارہ سے ساڑھے بارہ کے دوران پیش آیا تھا مبینہ طور پر اغوا کی جانے والی گیارہ دن کی بچی سدرہ کی والد ہ نے بتایاکہ وہ مشرف کالونی کی رہائشی ہے انکی بچی کو بخار تھا بچی کوڈاکٹر کو دیکھانے کے لئے روبی موڑ کے قریب ایک کلینک میں جارہی تھی سدرہ کو ایک تھیلے نما کپڑے میں لپیٹ کر گود میں رکھا ہوا تھا جیسے ہی بس اتر کر تھوڑی دور پہ پہنچی تو روبی موڑ کے قریب پہنچی تو موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے تھیلے چھین لیا جس میں میری بچی تھی اور فرار ہوگیے
ایس ایچ او کے مطابق شبہ ہے کہ ملزمان نے لوٹ مار کی نیت سے تھیلا چھینا اور فرار ہوئے فوری طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ بچی کو اغوا کیا گیا ، انھو ں نے بتایاکہ پولیس نے سی سی ٹی فوٹیج کی مددسے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ مختلف پہلووں پر تفتیش کی جارہی ہے، اسکے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا ۔