سوات میں جواں سال طالب علم کے اندھے قتل کا ڈراپ سین

سوات(بیورورپورٹ) سوات کے علاقے منگلور میں جواں سال طالب علم کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا،اصل ملزم تک پولیس نے رسائی حاصل کرکے گرفتار کرلیا ، طالب علم زین رحمان کو ملزم نے امانتاً رقم22 لاکھ روپے واپس مانگنے پر قتل کیا۔ ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق 5 دسمبر کو تھانہ منگلور کی حدود میں واقع علاقہ کالکٹہ کی ندی سے طالب علم زین رحمان سکنہ مینگورہ کی قتل شدہ لاش ملی تھی۔ پولیس نے جدید سائنسی بنیادوں پر سی سی ٹی وی فوٹیجز اورسی ڈی آر سمیت دیگر شواہد حاصل کرکے اصل ملزم عصمت علی سکنہ مینگورہ کو گرفتار کرلیا۔ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم عصمت نے زین کو اپنے 22 لاکھ روپے واپس مانگے کس پر ملزم نے مقتول کو جائے وقوعہ پر لے جاکر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔مقتول زین اپنی رقم واپس مانگ بیرون ملک تعلیم کے لئے جارہاتھا۔ملزم کی نشاندہی پر اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔