لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں کلین چٹ مل گئی۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کے خلاف چالان عدالت میں پیش کردیا ہے۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں سلیمان شہباز کے خلاف شوگر مل کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کے کیس میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
ایف آئی اے نے کہا کہ کسی قسم کی کک بیکس کے ثبوت نہیں ملے جس کے بعد سلیمان شہباز اور مفرور ملزم طاہر نقوی نے بھی درخواست ضمانت واپس لے لی۔
عدالت نے کہا کہ چالان کے مطابق ملزمان کا کیس سے تعلق نہیں ہے دونوں ملزمان کے کیس میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے، جس کے بعد سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔